5 اکتوبر 2013 - 20:30
ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ کا بیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی دشمنوں کی متعدد کوششیں ناکام بنادی ہیں اور اس سلسلے میں چار تخریب کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

ابنا: علی اکبرصالحی نے آج تہران میں حساس اداروں کے محافظ یونٹ، ریلوے اور ایر پورٹ پولیس کے یونٹوں سے ملاقات میں کہا کہ کچھ دنوں قبل ہماری ایک ایٹمی سائٹ میں چار افراد کو گرفتار کیا گيا، ان افراد پر پہلے ہی سے نظر رکھی جارہی تھی اور انہیں ڈھیل دی گئي تھی  تا کہ مناسب موقع پر گرفتار کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان چار افراد سے تفتیش جاری ہے۔ علی اکبر صالحی نے کہا کہ دشمن نے ہمیشہ ہماری ایٹمی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن ہماری سکیورٹی فورسز نے ان کوششوں کو ناکام بنادیا۔ انہوں نے ایٹمی شعبے میں پیشرفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وسیع پیمانے پر جاری سیاسی مفاہمت سے ایٹمی معاملے کے حل کی امید پیدا ہوگئي ہے لیکن بعض دشمن ممالک، موجودہ صورتحال سے نکلنے کی خواہش نہیں رکھتے ہیں اور تخریبکاری کے سہارے ایٹمی معاملے میں مفاہمت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر سائبرحملے بدستور جاری ہیں تاہم اسٹاکس نیٹ کے حملوں کے بعد ہم نے حفاظتی انتطامات بہتر بنائے ہیں۔

.......

/169